اڈپی 29؍اپریل (ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندرا مودی کی آمد پر منعقد ہونے والے پروگرام کے لئے پنڈال کا ساز وسامان لے جانے والا ٹیمپو اڈپی کے قریب پیڈور میں حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں تین مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلاک شدہ مزدور آسام سے تعلق رکھتے تھے۔یکم مئی کو ایم جی ایم کالج میں وزیر اعظم مودی کے مجوزہ پروگرام کے لئے Eicherٹیمپو میں سازوسامان لاد کردس سے بارہ مزدور چترادرگہ سے اڈپی کی طرف آرہے تھے ۔ پیڈور کے قریب ڈرائیور کے غفلت کی وجہ سے سامان لدا ہوا ٹیمپو سڑک کے کنارے پر موجودالیکٹرک کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گیا ۔کہتے ہیں کہ ایک مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ بقیہ دو مزدوروں نے اسپتال منتقل کرتے وقت راستے میں دم توڑدیا۔دیگر زخمی مزدوروں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہیری اڈکا پولیس کے افسران اورعملے نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور کیس درج کرلیا ۔